لاہور(خصوصی نامہ نگار) ملک بھرکی ہزاروں مساجد میں فرزندان اسلام مسنون اعتکاف بیٹھ گئے ہیں جو مسلسل دس روزعبادات اور ذکرو ازکار میں مشغول رہنے کے بعد شوال کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کریں گے۔کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظرامسال اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا جبکہ سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مساجد میں معتکفین کی تعداد بھی قلیل رکھی گئی ہے۔ جامعہ مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد سمیت صوبہ بھرمیں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا اور جامع مسجد داتا دربار میں صرف ایک سکیورٹی سپروائزر اعتکاف بیٹھا ہے جبکہ بادشاہی مسجد میں ایک فرد کو بھی اعتکاف کی اجازت نہیں دی گئی، دوسری طرف جامعہ نعیمیہ میں چار اور جامعہ اشرفیہ میں پانچ افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ جامعہ نعیمیہ میں اعتکاف کرنیوالوں علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے دونوں صاحبزادگان بھی شامل ہیں۔ دیگر مساجد میں بھی معتکفین نے حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے تعداد مختصر رکھی ہے۔
کرونا: مساجد میں محدود تعداد میں لوگ اعتکاف بیٹھ گئے
May 15, 2020