اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی اور وہ اس وزارت کی اہل نہیں تھیں ، ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہئے تھا ۔ غیر ملکی اخبار سے انٹرویوکے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کبھی بھی اہل نہیں تھیں، اس وزارت کوسنبھالنا آسان نہیں کیونکہ یہ اب ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہیے تھا، فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت توحاصل کرلی تھی پروہ اسے چلا نہیں سکیں جس کا پی ٹی آئی سمیت وزیراعظم آفس کو بہت نقصان ہوا۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں عاصم سلیم باجوہ کی شمولیت سے وزیراطلاعات شبلی فرازکو بڑی مدد ملے گی کیونکہ عاصم سلیم باجوہ کومیڈیا کے حوالے سے سارے کام آتے ہیں۔وفاقی وزیرسے جب کرونا وبا کے باعث لاک ڈائون کے متعلق پوچھا گیا توانہوں نے کہا کہ دوا سازکمپنیوں کے مطابق اگلے سال ستمبرسے پہلے ویکسین کی تیاری ممکن نہیں توڈیڑھ سال ملک بند نہیں کیا جاسکتا اسی لیے لاک ڈان میں نرمی کی گئی ہے اورنرمی سے متعلق فیصلے صوبوں اورماہرین کی مشاورت سے روزکیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے حفاظتی کٹس برآمد کرنے جا رہا ہے، پاکستان ایک سال میں میڈیکل کے شعبے میں اتنا خود کفیل ہوجائے گا کہ وینٹی لیٹرز سمیت دیگر میڈیکل ڈیوائسزبرآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے اور اب حفاظتی کٹس اورہینڈ سینی ٹائزرمیں اتنے خود کفیل ہوچکے ہیں کہ کابینہ نے برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
فردوس عاشق نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی، اہل نہیں تھیں: فواد چوہدری
May 15, 2020