راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) راولپنڈی میں جمعرات کی صبح سے رات تک شدید بارش ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق بارشی پوائنٹ بوکڑہ میں 104 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی نالہ لئی میں پانی کی انتہائی سطح نیو کٹاریاں پل پر 14 فٹ اور گوالمنڈی پل پر11 فٹ تک پہنچ گئی جس کے ساتھ ہی شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رین پری الرٹ جاری کردیا گیا تاہم تیزی سے نالہ لئی کی سطح نیچے بھی آگئی جس کے باعث شہر اور کینٹ میں نالہ لئی کے اطراف مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کیلئے رین الرٹ جاری نہ کیا گیا اورشدید بارش میںخطرے کے سائرن بجتے بجتے رہ گئے نالہ لئی میں رین الرٹ جاری کرنے کیلئے واٹر لیول 15 فٹ سات انچ مقرر ہے واسا کے افسران کمیٹی چوک انڈر پاس ، مری روڈ اصغر مال چوک پر پانی جمع ہونے کی اطلاع پر پہنچ گئے اور سکر مشینوں نے کھڑا پانی نکال دیا صادق آباد چوک ، شمس آباد ، ڈبل روڈ ، صدر کینٹ ، مریڑ چوک ، کچہری چوک ، جہلم روڈ ، بنی چوک ، باغ سرداراں ،ہولی فیملی ہسپتال روڈ ، نیو کٹاریاں ، موہن پورہ ناولٹی سینماء روڈ ، گنجمنڈی روڈ ،باڑہ مارکیٹ ، فوارہ چوک ، کالج روڈ ، بوہڑ بازار ، ڈھوک حسو روڈ ، ماربل فیکٹری روڈ ، چونگی نمبر22 ، کلمہ چوک ، مصریال روڈ ، الہٰ آباد ، بیکری چوک ، ریلوے روڈ ، خیابان سرسید ، بنگش کالونی ، اصغر مال روڈ ، پرانی ائرپورٹ روڈ ، ڈبل روڈ سمیت شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور چوک دریا کا نقشہ پیش کرنے لگے شہر کے نالہ لئی میں گرنے والے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی اور پانی ان کے کناروں سے باہر بہنے لگا عام گلیوں ، محلوں میں ایک ایک فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا جس سے پیدل افراد کو چلنے میں مشکلات پیش آئیں بارش کا نظارہ کرنے کیلئے شہری نالہ لئی اور برساتی نالوں کے گرد بھی جمع ہوگئے ندیم کالونی ، ڈھوک الہیٰ بخش ، آریہ محلہ میں شدید بارش کے باعث واسا کی ٹیمیں مشینری سمیت موجود رہیں ۔