لاہور( اسپورٹس رپورٹر)کورونا وائرس کے باعث دوران میچ کرکٹرز کے اندازمیں تبدیلی زیرغور، کھلاڑی کو آوٹ کرکے باولرز کا خوشی منانیکا طریقہ کار اور سنچری کے بعد بلے بازوں کے گلے ملنے کے انداز میں تبدیلی کی جائے گی۔کورونا وائرس کے کھیلوں پراثرات مرتب ہونے لگے، کرکٹ کی بحالی کیلیے کھلاڑیوں کے میچ کیدوران خوشی منانے کے انداز میں تبدیلی کے طریقے زیرغور ہیں ماہرین نے کرکٹ کی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر میچزکے دوران انفرادی اورمجموعی کامیابی کے بعد خوشی منانے کے طریقوں میں تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔احتیاطی تدابیر کے طور پر باولرز کے وکٹ حاصل کرکے ایک دوسرے کے ہاتھ پر ہاتھ مارنے، فیلڈرز کے ساتھی کھلاڑیوں کے سروں پر ہاتھ پھیرنے کی ممانعت کی تجویز زیرغور ہے، اسی طرح بلے بازوں کی نصف سنچری اور سنچری مکمل کرکے ساتھی بلے بازسے ہاتھ ملانے اورگلے ملنے پر پابندی کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔دووسری جانب کورونا وائرس کے باعث ممکنہ تبدیلیوں پرقومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور فاسٹ باولر وہاب ریاض کہتے ہیں کہ کرکٹ کا اصل حسن تو تماشائیوں کیساتھ ساتھ اپنی کامیابیوں کا میدان میں جشن منانے میں ہے، تاہم کوویڈ 19 کے بعد بہت سی چیزیں تبدیل ہوں گی، اس وقت کرکٹ سرگرمیاں بحال کرنا زیادہ اہم ہے۔
کورونا ،دوران میچ کرکٹرز کے اندازمیں تبدیلی زیرغور
May 15, 2020