پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے اس مشکل وقت میں امید اور اظہار یکجہتی کے لیے 'اسماءالحسنیٰ' کا خاص تحفہ پیش کیا ہے۔عاطف اسلم نے اللہ تعالیٰ کے 99 ناموں 'اسماءالحسنیٰ' کو اپنی خوبصورت آواز میں پڑھ کر سب کو محظوظ کیا۔عاطف اسلم نے رمضان المبارک کی پہلی طاق رات کے دن ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی خوبصورت آواز میں 'اسماءالحسنیٰ' کی ویڈیو ریلیز کی۔گلوکار کا کہنا تھا کہ 'جیسے کہ ہم ان اوقات میں انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ امید اور یکجہتی کا ایک شائستہ اظہار ہے'۔عاطف اسلم کی جانب سے ویڈیو شیئر کرنے کے فوراً بعد ہی پاکستان ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر عاطف اسلم کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔مداحوں نے ان کی خوبصورت آواز میں اللہ کے 99 ناموں 'اسماءالحسنیٰ' کو ایک بہترین تحفہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکار عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان پیش کی تھی جب کہ ان کی آواز میں حمد'وہی خدا ہے' اور سلام 'تاجدارِ حرم' بھی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔