افغانستان: طالبان کا آرمی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے ٹرک بم دھماکہ، 5 افراد ہلاک، 46 زخمی

May 15, 2020

کابل (نوائے وقت نیوز+شنہوا) افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا کے صدر مقام گردیز میں آرمی ہیڈکوارٹرز کے سامنے ٹرک کار بم دھماکہ ہوا ہے، جس میں پانچ افراد ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے ہیں۔ افغانستان کی فوج کے ترجمان کا اس حوالے سے کہاکہ گردیز میں ہونے والے کار بم دھماکے کے انیس زخمیوں میں پانچ سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کار بم دھماکہ افغان نیشنل آرمی کی 203تھنڈر کور کے دروازے پر کیا گیا ہے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق افغانستان کے شہر گردیز میں عدالت کے قریب دھماکہ خیز مواد سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس کی ذمہ داری طالبان جنگجوؤں کی جانب سے قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ٹویٹ کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ گردیز شہر میں ہونے والے دھماکے میں دس افراد مارے گئے ہیں اس دوران بہت سارے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 29 فروری کو معاہدے پر دستخط کے بعد سے اب تک طالبان ساڑھے چار ہزار سے زائد حملے کر چکے ہیں اور اس میں سب سے زیادہ وہ صوبے متاثر ہوئے ہیں جہاں اب تک کرونا وائرس کو سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں