اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت مسجد نبوی واقعہ پرسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست میں پولیس رپورٹ جمع کرا دی گئی۔گذشتہ روز حافظ احتشام کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ایس پی سٹی زون اسلام آباد کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے دائر درخواست خارج کرنے کی استدعاکرتے ہوئے بتایاگیاکہ حافظ احتشام احمد اور شیراز احمد فاروقی کی جانب سے شیخ رشید احمد کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دینے کے لئے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کے دورہ سعودی عرب کے دوران مسجد نبوی ؐ میں حاضری کے موقع پر مسجد نبوی ؐ کے تقدس کی پامالی کی گئی،یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ شیخ رشید احمد نے مسجد نبوی ؐ کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور ایک پریس کانفرنس کے دوران لوگوں کو ایسا عمل کرنے پر اکسایا،ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ کو مذکورہ معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی، جس نے رپورٹ دی ہے کہ مسجد نبوی ؐکی تقدس کی پامالی کے متعلق شیخ رشید احمد وغیرہ کے خلاف تھانہ مدینہ ٹان فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مذکورہ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295،295 اے،296 اور 109 لگائی گئی ہے،شیخ رشید احمد نے مذکورہ مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سے عبوری ضمانت لی ہوئی ہے،سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے مطابق ایک واقعہ کی ایک سے زیادہ ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکتی،شیخ رشید احمد کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کیا جائے، عدالت نے سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔آئندہ سماعت پردرخواست گزار مذکورہ درخواست کے حق میں دلائل دیں گے۔
مسجد نبوی واقعہ،شیخ رشید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست میں پولیس رپورٹ جمع
May 15, 2022