بجلی بحران عذاب عمرانیہ‘ 4 سالہ بدانتظامی کا نتیجہ ہے: خرم دستگیرخان

May 15, 2022

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے سابق نااہل حکومت نے اپنی ناقص پالیسیوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کا ستیا ناس کردیا۔ بجلی بحران عذاب عمرانیہ اور تحریک انصاف حکومت کی چار سالہ بدانتظامی کا نتیجہ ہے ۔اقتدار چھن جانے کے بعد عمران خان کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ عمرانی ٹولہ نے اقتدار میں رہ کر سیاسی مخالفین کیخلاف انتقام کی تمام حدیں عبور کیں۔ موجودہ حکومت بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔کم لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر ہے۔ عمرانی حکومت نے وقت پر ڈیزل گیس کوئلہ نہیں خریدا تھا، چار ماہ میں کوئلے کی قیمتیں بہت بڑھی ہیں، اس وقت گردشی قرضے 2400ارب روپے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے پچھلی حکومت مکمل کی تو ملک میں وافر بجلی موجود تھی۔ اس اپریل میں ہمارے سامنے بجلی کا بحران تھا۔ حکومت ملی تو ملک میں آٹھ سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی۔ سابق حکومت کے دور میں معاملات میں توازن برقرار نہیں رکھا گیا ہے، اگر توازن ہوتا تو یہ مسائل پیدا نہ ہوتے۔7ہزار میگاواٹ کی صلاحیت بند پڑی تھی، اب ہم بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔قائد عوام میاں نوازشریف کی قیادت میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔مسلم لیگ ن اتحادیوں جماعتوں کو ساتھ لیکر ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گیپکو ہیڈ کوارٹر میں خطاب کے بعد انجینئرزاینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن سمیت دیگر وفود کیساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرگیپکو انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری امتیاز، میاں عبدالقیوم چیئرمین، فواد احمد بٹ صدر،عبدالصمد سومرو نائب صدر،جاوید اختر چیف پیٹرن،جاوید چٹھہ چیف آرگنائزرنے وفاقی وزیر کومسائل سے آگاہ کیاگیپکو انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری امتیاز نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کروائی کہ گیپکو کے تمام انجینئرز اور آفیسرز شہریوں کو بجلی کی بلاتعطیل فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کررہے ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کیساتھ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان، ریجنل چیئرمین گیپکو ولی الرحمن خان کی قیادت میںگوجرانوالہ ریجن سے گیپکو ریجنل یونین کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کو ملازمین کی کمی سمیت مزدوروں کے دیگر مسائل سے آگاہ کیا جس پر خرم دستگیر خان نے مزدور قائدین کو یقین دہانی کروائی۔ واپڈا ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ملازمین کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ملازمین کی سیفٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں