لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپیشل سنٹرل کورٹ کے جج نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم کی کارروائی21 مئی تک مئوخر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی حاضری معافی کی۔ درخواست منظور کر لی، وزیراعلیٰ نے اپنی حاضری مکمل کروائی، عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کو کیس سے متعلق بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے کیس کی تیاری کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی۔ جج نے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے یا چل رہی ہے؟ وکیل ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میری آج پہلی پیشی ہے، مجھے کیس کے حقائق بارے ابھی مکمل نہیں پتا، میڈیکل گراؤنڈ پر شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن مقدمے کی کارروائی کے لیے تمام ملزموں کا عدالت موجود ہونا ضروری ہوتا ہے۔ جس پر جج نے ریمارکس دئیے کہ میری عدالت کا ریکارڈ ہے ایک دن میں چالان کی کاپی فراہم ہوتی ہے۔ اسکے بعد فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں آشیانہ اقبال ریفرنس میں احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی گذشتہ روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔