بہاول پور(خبرنگار)بہاول پور کے سابق ماہر قانون حافظ احسان اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم کے چھوٹے بیٹے، معروف بزرگ سماجی رہنما الحاج سلیم اختر خان کے بھائی، نوائے وقت کے نمائندے سہیل احمد پاشی کے ماموں، بہاول پور کی آواز بریگیڈیئر(ر) نعیم آفریدی اسلام آباد میں بقضائے الہی وفات پا گئے۔ مرحوم اعلی پائے کے مقرر، مصنف اور گوناگوں خوبیوں کے مالک تھے۔ ایس ڈی ہائی سکول کی طرف سے حصہ لے کر کل پاکستان تقریری مقابلے میں مسلسل 3 سال فتح یاب ہو کر ٹرافی اپنے تعلیمی ادارے "ایس ڈی ہائی سکول" کے نام کی ۔اس کے علاوہ سینکڑوں گولڈ میڈلز، ٹرافیاں اور دیگر انعامات حاصل کئے۔ 23 مارچ کی پریڈ اور مختلف قومی تہوار پر ان کی آواز سماں باندھ دیتی تھی۔ علامہ اقبال کے اشعار ان کا خاصہ تھے۔ پی ٹی وی پر ان کے تحریر کردہ کئی ڈراموں نے شہرت حاصل کی۔ پی ٹی وی کا پہلا ہارر ڈرامہ"مم" ان کا تحریر کردہ تھا۔ اس کے علاوہ "مارکر"، "آبرو"، "کڑوا سکون" اور دیگر بہت سے قابلِ ذکر اصلاحی، ملی اور معاشرتی ڈرامے تحریر کئے۔ ریڈیو پاکستان کوئٹہ سے کئی سال ان کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریز نشر ہوتی رہیں۔ دوران تعلیم کئی سٹیج ڈرامے بھی تحریر کیے، جن میں "زلف کے سر ہونے تک" نے بہت شہرت پائی۔ مرحوم سابق صدر جنرل ضیا الحق کے دور میں بہاول پور کے مارشل لا ایڈمنسٹریٹر بھی رہے۔ مرحوم نے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی شریک حیات مرحومہ بیگم صفیہ نعیم آفریدی کے نام سے ایک اعلی پائے کا سکول قائم کیا۔ جس میں بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اخراجات بھی خود برداشت کرتے تھے۔ مرحوم نے سوگواران میں دو بیٹے، دو بیٹیاں اور نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں چھوڑے ہیں۔ ان کے بیٹے ارمغان آفریدی اور ارسلان آفریدی بھی پاک آرمی سے وابستہ ہیں۔