کراچی (پی پی آئی)ماضی کی مقبول اداکارہ و گلوکارہ عارفہ صدیقی نے 22 سال بعد شوبز میں واپسی کرتے ہوئے اپنا پہلانغمہ" کچھ بھی نہیں"جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے ماڈلنگ بھی کی ہے۔عارفہ صدیقی نے 1990 سے قبل نوجوانی میں کیریئر شروع کا آغاز کیا اور انہوں نے گلوکاری سمیت ماڈلنگ اور اداکاری میں بھی جوہر دکھائے۔عارفہ صدیقی کو ان کی گلوکاری کے مقابلے اداکاری کی وجہ سے کافی شہرت حاصل رہی اور انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔پی پی آئی کے مطابق عارفہ صدیقی سینیئر اداکارہ مرحومہ طلعت صدیقی کی صاحبزادی ہیں جو مئی 2021 میں انتقال کر گئی تھیں۔عارفہ صدیقی نے نہ صرف پی ٹی وی بلکہ ریڈیو پاکستان میں بھی کام کیا اور انہوں نے متعدد شوز میں بطور گلوکارہ بھی پرفارمنس کی انہوں نے سال 2000 میں شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔عارفہ صدیقی کا آخری ڈراما 'انکار' پی ٹی وی پر نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے گھریلو زندگی کو اہمیت دی مگر اب انہوں نے پہلا گانا 'کچھ بھی نہیں' جاری کردیا۔عارفہ صدیقی نے 22 سال بعد اپنا پہلا گانا دوسرے شوہر موسیقار اور گلوکار تعبیر احمد کے ہمراہ ریلیز کیا، جس میں دونوں نے ماڈلنگ بھی کی۔خیال رہے کہ عارفہ صدیقی نے پہلی شادی خود سے 30 سال زائد العمر موسیقار و گلوکار استاد نذر حسین سے کی تھی جو جنوری 2018 میں انتقال کر گئے تھے۔