اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان کو اعتراف جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو مسلح جتھوں کے حملوں، دہشت گردی اور بلوائی کا بالکل اسی طرح نہیں پتہ تھا جیسے انہیں عدت میں شادی اور ٹیریان کے والد ہونے کا نہیں پتہ تھا، حساس تنصیبات، عمارتوں، ایمبولینس، سکولوں، ہسپتال، مساجد، جانور منڈی پر حملے اور شہداءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی عمران خان کی منصوبہ بندی سے ہوئی۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ میں گرفتار ہوا تو حملہ کرنا ہے۔ انہوں نے سوچی سمجھی منصوبہ بندی سے حملے کروائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گرد ہی ملک پر حملہ آور ہوتے ہیں جس کے یہ ماسٹر مائنڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا بار بار اس لئے نام لے رہا ہے کہ وہ فارن ایجنٹ سے بند کمرے میں نہیں مل رہے۔ ایوانِ صدر میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ میری گھڑی میری مرضی نہیں، انہوں نے قوم کا 60 ارب چوری کیا، اب میری مرضی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے190 ملین پاﺅنڈ سپریم کورٹ میں کیوں جمع کرائے گئے؟ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے القادر ٹرسٹ کی بالترتیب 458 کینال اور 254 کنال زمین ہڑپ کی۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کی طرح فارن ایجنٹ اور اس کا ایجنڈا بھی پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ڈی جی آئی ایس پی آر کو مشورہ دینے سے پہلے اپنی جماعت کا نام پاکستان تحریک دہشت گردی رکھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ کی ملک دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ ان کی ملک دشمنی، دہشت گردی اور مسلح جتھے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ ایمبولنس، سکول، ہسپتال، مسجد، میٹرو بس، موٹر ویز اور قومی اثاثوں پر حملہ آور صرف دہشت گرد اور ملک دشمن ہوتے ہیں۔
عدت میں شادی کی طرح عمران کو مسلح جتھوں کے حملوں کا نہیں پتہ تھا : وزیراطلاعات
May 15, 2023