ترکیہ میں صدارتی ، پارلیمانی الیکشن : اردگان کو برتری 

May 15, 2023

انقرہ (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) ترکیہ کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق صدر طیب اردگان کو مخالف امیدواروں پر برتری حاصل ہے۔ ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی انتخابات میں 80 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے۔ طیب اردگان 50.66 فیصد ووٹ لیکر آگے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 43.53 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں جبکہ تیسرے امیدوار سنان اوغان اب تک 5.32 فیصد ووٹ لے سکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کی تاریخ میں پہلی بار24 پارٹیاں اور 151 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لیا‘ ترکیہ میں ساڑھے 6 کروڑ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ صدارتی امیدوار کو جیتنے کیلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے۔ تاہم اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ کمال قلیچ کو صدر طیب اردگان پرمعمولی برتری حاصل ہے۔ استنبول کے میئر کے طابق ابتدائی نتائج سے کمال قلیچ داراوغلو کے صدر بننے کے امکانات روشن ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں بھی 69 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق 600 کے ایوان میں صدر اردگان کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی 270 نشستیں جیت چکی ہے۔ 50 فیصد سے زائد ووٹ نہ لینے پر 28 مئی کو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہو گا۔

مزیدخبریں