لاہور (نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت کی جاری کی جانے والی یارڈ سٹک کے باعث پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ہومیوپیتھک ڈاکٹرز اور اطباءکی آسامیاں ختم ہو گئی ہیں۔ حکومتی فیصلہ کے خلاف ملک بھر کے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور اطباءکا مشترکہ اتحاد قائم کر دیا گیا ہے۔اتحاد کے سربراہی مشترکہ طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹر کاشف اسلم ملک کو سونپی گئی ہے جو سرکاری ہسپتالوں میں ہو میو پیتھک اور طبی عملہ کی آسامیوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان شعبہ جات میں بہتری کیلئے بھی کام کر ئے گا۔ ڈاکٹر کاشف اسلم ملک نے گہری تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں ہومیوپیتھک اور اطباءکی آسامیوں کو ختم کرنے سے دونوں سسٹم متاثر ہو نگے۔ایلو پیتھک طریقہ علاج کے مقابلہ میں ہومیو پیتھک اور حکمت کے شعبہ جات آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ہومیو پیتھک ڈاکٹر کاشف اسلم ملک نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سرکاری ہسپتالوں میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور اطباءکی۔اسامیوں کو بحال کیا جائے ورنہ ہومیو پیتھک ڈاکٹر حکماءاتحاد ملک گیر احتجاج کر ئے گا۔