حج کا بنیادی مقصد اللہ کریم کی خوشنودی ہے:راغب حسین نعیمی 

May 15, 2023

لاہور( خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ حج کا بنیادی مقصد اللہ کریم کی خوشنودی ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں آداب کاخاص خیال رکھیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ برکتوں اور رحمتوں والے شہر ہیں اس لئے ان شہروں میں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ عبادات کریں اور اپنے لئے اپنے اہل خانہ کےلئے اور ملک و قوم کی سلامتی کےلئے خصوصی دعا مانگیں۔ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر حج کی ادائیگی فرض ہے لہٰذا سفر حج اور ادائیگی حج کے دوران تمام شرعی امور کو احسن طریقہ سے ادا کریں اور اس کے ساتھ حکومت پاکستان کی طرف جاری قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں دوسرے جج تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تر بیتی حج پروگرام میں وزارت مذہبی امور و حج کے معروف ٹرینرز مفتی محمد احمد مدنی نے حج کرام کو میقات سے احرام باندھنا اور نیت کرنا، عرفہ کے دن غروب آفتاب تک میدان عرفات میں رہنا، مزدلفہ میں وقوف کرنا کے حوالے سے شرعی رہنمائی دی اور کنکریاں مارنا، قربانی کرنا، سرکے بال منڈوانا یا کٹوانا، طواف وداع کرنا، حجر اسود کا بوسہ، مقام ابراہیم کی زیارت، صفا و مروا کی سعی کرنا، روضہ¿ رسول پر حاضری کے آداب سمیت دیگر مناسک حج اور عمرہ کی ادائیگی کا شرعی طریقہ بتایا۔ تیسرا حج تربیتی پروگرام 21 مئی بروز اتوار کو ہو گا۔

مزیدخبریں