پاک افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ایف سی کمپائونڈ مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ کمپائونڈ میں موجود تمام 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اس دوران ایک شہری سمیت 7 جوان شہید اور ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ یرغمال بنائے جانے والی 3 فیملیز کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے اپنے خوفناک حملے سے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ دہشت گردوں کے روابط کا پتا چلانے کے لیے ضروری انٹیلی جنس فالو اپ جاری ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سپانسرز کو گرفتار کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی میں حائل رکاوٹ کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بے شک پاک افواج کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے مگر ان کی باقیات اب بھی ملک کے کونے کھدروں میں موجود ہے۔ بلوچستان میں ایف سی کمپائونڈ مسلم باغ میں ہونے والی دہشت گردی سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف دہشت گرد پھر منظم ہورہے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشت گردوں کے خاص نشانے پر ہیں۔ افغانستان کے ساتھ ملحقہ سرحد کے قریبی علاقوں میں دہشت گرد تواتر سے کارروائیاں کر رہے ہیں جس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ پاکستان کے خلاف اب بھی افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے۔ اس دہشت گردی کی واردات کے پیچھے غیرملکی ہاتھ کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، سیاستدانوں کی آپس کی چپقلش اور بلیم گیم کے باعث ادارے اور عوام ایک دوسرے کے مدمقابل آگئے ہیں اور ملک عملاً خانہ جنگی کے دہانے پر آپہنچا ہے جس کا فائدہ ملک دشمن عناصر اٹھا سکتے ہیں۔ سیاسی قیادتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، آپس کے اختلافات ختم کرکے انھیں معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ طے کرنے کی طرف آنا چاہیے تاکہ ہماری سکیورٹی فورسز یکسو ہو کر دہشت گردی کا خاتمہ کرسکیں۔
بلوچستان: ایف سی کمپائونڈ پر دہشت گردوں کا حملہ
May 15, 2023