لاہور(سپورٹس رپورٹر ) جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن، ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر نے کہا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بہترین انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ دلیل اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے لڑا ہے۔ بھارت پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کھیلنے سے بھاگ رہا ہے اس کےساتھ ساتھ وہ اے سی سی کے رکن ممالک کو بھی ترغیبات دینے میں مصروف ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاس پاکستان آ کر نہ کھیلنے یا ہائبرڈ ماڈل پر نہ کھیلنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ نجم سیٹھی نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویوز میں دنیا کو پاکستان کا حقیقی چہرہ اور بھارت کی دوغلی و متعصب پالیسی کو بے نقاب کیا ہے۔ نجم سیٹھی نے ہائبرڈ ماڈل کے ذریعے ناصرف ایشیا کپ کے حوالے سے بہترین حکمت عملی تیار کی بلکہ رواں برس بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ اور 2025 ءکی چیمپئنز ٹرافی کےلئے آئی سی سی کو بھی سوچنے پر مجبور کیا ہے۔ بہترین انداز میں پاکستان کا مقدمہ لڑنے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے خود کو پاکستان کرکٹ کا بہترین سفیر ثابت کیا ہے اور دنیا کو بتایا ہے کہ اگر آپ کھیل میں سیاست کو شامل کریں گے تو اس کا نقصان صرف ایک ملک کو نہیں ہو گا بلکہ دنیائے کرکٹ کو اس کا نقصان برداشت کرنا پڑےگا۔ اب آئی سی سی کو بھی آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے۔