لاہور( کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر تشدد مظاہروں کی متحمل نہیں ہوسکتی ،ایک سیاسی جماعت کی جانب سے جس طرح کے حالات پیدا کر دئیے گئے ہیں اس کے مشکلات سے دوچار معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں ، جناح ہاﺅس پر حملے کے واقعہ سے پوری قوم غمزدہ ہے۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی حق ہے لیکن ایک سیاسی جماعت نے جس طرح سرکاری و نجی املاک ، ٹرانسپورٹ اور خصوصاً جناح ہاﺅس اور آرمی کی تنصیبات پر حملے اور انہیں نذر آتش کیا ہے یہ انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پر تشدد مظاہروں سے میڈیا میں جو نقصان رپورٹ ہوا ہے وہ انتہائی کم بتایا گیا ہے اس کا حجم کہیں زیادہ ہے اور اس کے منفی اثرات آنے والے دنوں میں نمایاں ہوں گے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے جب مقامی سرمایہ کاری خوف و ہراس کا شکار ہیں تو بیرونی سرمایہ کار کیوں پاکستان کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے توڑ پھوڑ، جلا ﺅ گھیراﺅ اور املاک کو نذرآتش کرنے والے شر پسندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔