پاکستان کے معروف اداکار وڈراما نویس شعیب ہاشمی انتقال کر گئے ہیں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دور میں ان کے پروگرامز عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔ پاکستان کے معروف اداکار وڈراما نویش شعیب ہاشمی انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر 82 برس تھی۔ پی ٹی وی کے ابتدائی دور میں ان کے پروگرامز عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔شعیب ہاشمی ٹی وی کے ابتدائی دور کی معروف اداکارہ سلیمہ ہاشمی کے شوہر اور شہرہ آفاق شاعر فیض احمد فیض کے داماد تھے۔شعیب ہاشمی پر 12 سال قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ بستر علالت پر تھے۔ان کے بیٹے عدیل ہاشمی نے شعیب ہاشمی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں برین ہیمرج ہوا تھا اور کافی عرصے سے علیل تھے۔ تاہم کل رات کو ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ کچھ دیر پہلے اسپتال میں انتقال کر گئے۔شعیب ہاشمی کی بیٹی انگلینڈ میں ہے ان کی آمد پر نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا۔شعیب ہاشمی نے 70 کی دہائی میں پی ٹی وی کے لیے کئی ڈرامے لکھے اور ان میں اداکاری بھی کی جو عوام میں مقبول عام ہوئے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں اکڑ بکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول اور باؤ ٹرین شامل ہیں۔وہ گورنمنٹ کالج لاہور میں درس وتدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہے جب کہ 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری کرتے رہےشعیب ہاشمی کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 1995 میں تمغہ حسن کارکردگی اور بعد ازاں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔