لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان ‘آئرلینڈ ٹی ٹوننی سیریز کی کوریج پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی ٹیم کوئی افریقی ٹیم نہیں ہے کہ اسکے میچز کی ایسی کوریج کی جائے، اس طرح کی کوریج کی وجہ سے یہ سیریز انگلینڈ میں نشر نہیں ہورہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کیساتھ یہ صورتحال ہوتی تو بی سی سی آئی کبھی ایسی کوریج کی اجازت نہ دیتا۔اس طرح کی کوریج سے ہماری کرکٹ بے کار نظر آرہی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ آپ کی عزت آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ پاکستان جیسی ٹیم کے میچز میں ڈی آر ایس اور ری پلے کا نہ ہونا ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ایکشن کو درست طریقے سے فالو نہیں کر پا رہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے کوئی کلب کا میچ ٹیلی کاسٹ ہو رہا ہے۔ میچ کے دوران آپ اچھے شاٹس یا اچھی گیندوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے کیونکہ وہاں صرف دو کیمرے ہیں۔ یہ پاکستان کرکٹ کیساتھ انتہائی ناانصافی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیے تھا۔