لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی دو سالہ مدت کا آغاز کرنے کیلئے 19 مئی کو لیڈز میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔جیسن گلیسپی اگست میں بنگلہ دیش کیخلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز سے قبل جولائی میں پاکستان پہنچ کر ذمہ داری سنبھالیں گے۔گیری کرسٹن نے کہاہے میں پاکستان کی مینز کرکٹ ٹیم کیساتھ اس نئے سفر کا آغاز کرنے کیلئے پْرجوش ہوں۔ ایسی باصلاحیت اور متحرک ٹیم کی کوچنگ کرنا اعزاز کی بات ہے اور میں بین الاقوامی سطح پر ان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے بے چین ہوں۔یہ پاکستان کرکٹ کیلئے واقعی سنسنی خیز لمحات ہیں، ایک نئی انتظامیہ اور کھلاڑی ٹھوس نتائج دینے کیلئے پْرعزم ہیں۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 ہمارے لئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کرکٹ میں ایک مضبوط قوت کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا ایک شاندار موقع پیش کر رہا ہے تاہم کامیابی کیلئے اجتماعی کوشش، منصوبہ بندی اور ایک دوسرے کیلئے غیر متزلزل تعاون کی ضرورت ہوگی۔ 19 دیگر ٹیمیں ٹائٹل کیلئے کوشاں ہیں۔ ہمیں اپنی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے اپنے حریفوں کو مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیچھے چھوڑنا چاہیے۔ میں ٹیم کیساتھ مل کر ان کے کھیل کو بلند کرنے اور دنیا بھر کے شائقین کیلئے خوشی لانے کیلئے پْرعزم ہوں۔ تسلسل اور مستقل مزاجی میرے لیے اہم ہے۔ میں کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے اور انہیں وہ اعتماد فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہوں جس کی انہیں بہترین کارکردگی کیلئے ضرورت ہے۔