لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ صوبہ میں منظم و سنگین جرائم کے خاتمے میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا کلیدی کردار ہے۔قتل، ڈکیتی،منشیات اور دیگر منظم جرائم کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کو مزیدتیز کیا جائے، سنگین جرائم کی بیخ کنی میں تفتیشی مہارت کیساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے ۔بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے جس کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ہائی پروفائل مقدمات کو کامیابی سے ٹریس کرنے والے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی جس میں ڈی ایس پی سے کانسٹیبلز رینک کے 43 اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔