لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 6 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کا 179 رنز کا ہدف قومی بیٹرز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے 10ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ بناڈالی۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان نے56 رنز بنائے۔ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آئرلینڈ کے مارک ایڈائر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کریگ ینگ نے لی۔ بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔آئرلینڈ کے لورکان ٹکر نے73 رنز کی اننگز کھیلی۔اینڈی بالبرنی 35 اور ہیری ٹیکٹر 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔پانچ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔آئرلینڈ نے 7 وکٹ پر 178 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے3 اورعباس آفریدی نے2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں نسیم شاہ کی جگہ پر حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔آئرش ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پال سٹرلنگ اور گریتھ ڈینلے کی جگہ پر روس ایڈائر اور نیل راک کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ہوم ٹیم کی کپتانی وکٹ کیپر لورکان ٹکر نے کی۔
شاہین ‘بابر ‘رضوان کا شاندار کھیل ‘ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز 1-2 سے جیت لی
May 15, 2024