اسحاق ڈار کی چینی حکام سے ملاقات: تعاون پر تبادلہ خیال، سی پیک پیشرفت تیز کرنے کا عزم

اسلام آباد‘ بیجنگ (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان دیرینہ تعاون اور تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے بنیادی مسائل پر پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر لیو نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اعلیٰ معیار کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی اہمیت اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید تقویت دینے کی بھی تصدیق کی۔ سی پیک کے تمام منصوبوں بشمول ایم ایل-I کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ اور قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) کو دوبارہ ترتیب دینے پر پیش رفت کو تیز کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے شانگلہ حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکتوں پر افسوس اور صدمے کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں انسداد اور شانگلہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں چینی منصوبوں، اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے اقدامات پر زور دیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم نے لیو جیان چاو کو اس سال سیاسی جماعتوں کے سی پیک  جوائنٹ کنسلٹیٹو میکانزم کے اگلے اجلاس کی شریک صدارت کے لیے پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو ژائوہو سے ظہرانے پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان بالخصوص گوادر کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سی آئی ڈی سی اے کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نیو گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نیو گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اس سال مکمل ہونے اور افتتاح کی امید ہے۔ انہوں نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے چین کی حمایت میں سی آئی ڈی سی اے کے اہم کردار کو سراہا۔ چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے منصوبوں کے جلد نفاذ کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ منصوبوں کے جلد نفاذ  سے سی پیک  کے اپ گریڈ وژن کے باہمی وژن کو فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ نے چائنہ تھری گورجز کارپوریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاری اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مواقع کا جائزہ شیئر کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...