اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی ز یر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر سمندری امور قیصر احمد شیخ اور سیکرٹری پاور سمیت وفاق اور صوبہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بجلی کی قلت کی وجہ سے کسانوں کو زراعت اور کھیتی باڑی کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہم پر عزم ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے اور اس پر عمل درآمد کے لیے جامعہ روڈ میپ اور حکمت عملی مرتب کر کے جلد پیش کرنے کی ہدایات دیں۔ جناب احسن اقبال نے اجلاس میں صوبائی حکومت کو عوام میں بجلی چوری کے لیے آگاہی مہم چلائی جانے کی ہدایات دیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی 9ویں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطحی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ متعلقہ وزارتوں نے ایس آئی ایف سی کے دائرہ کار میں اہم شعبوں میں منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی۔ متعلقہ وزارتوں نے مستقبل کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تفصیلی لائحہ عمل بھی پیش کیا۔ ادھر وفاقی وزیر احسن اقبال کے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے خلاف ہتک عزت کیس میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے مراد سعید کی مسلسل غیر حاضری اور وکیل کے پیش نہ ہونے پر کارروائی یکطرفہ چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔ احسن اقبال نے بیان میں کہا کہ مراد سعید نے مجھ پر 70 ارب روپے رشوت کا الزام لگایا۔ غیر مشروط معافی کے ساتھ مراد سعید 10 ارب روپے ہرجانہ بھریں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کمیٹی پلاننگ کمشن کے کردار اور اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرڑان کستافین کی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے ضروری اقتصادی اصلاحات اور صلاحیت سازی کے اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔