نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کے شہر ممبئی میں شدید طوفان کے دوران ایک بڑے بل بورڈ کے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔ ممبئی کے علاقے گھٹ کوپر میں شدید طوفان کے باعث نصب 100 فٹ کا ایک بل بورڈ پیٹرول پمپ پر گرگیا جس کی وجہ سے 14 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے رات بھر پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا۔ ممبئی میں اچانک اور طاقتور گردوغبار کا طوفان آیا جس کی وجہ سے نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک رک گئی بلکہ ممبئی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور ٹرین سروس بھی رک گئی تھی۔محکمہ موسمیات نے ممبئی اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے شدید گرمی میں کمی آ گئی ہے تاہم ممبئی سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔مہاراشٹر کے وزیراعلی ایکناتھ شندے نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے حکام کو شہر کے تمام بل بورڈز کے آڈٹ کا حکم دیا۔
بھارت: طوفان کے باعث بل بورڈ گرنے سے ہلاکتیں 14 ہو گئیں
May 15, 2024