بہاولپور بار کی ملاقات‘ وکلاء اور عدلیہ کو لڑانے کی سازش ناکام بنائیں گے:جسٹس ملک شہزاد 

لاہور (خبر نگار) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر سردار عبدالباسط ایڈووکیٹ کررہے تھے۔ وفد نے فاضل چیف جسٹس کو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپورکے جلد از جلد دورہ کی دعوت دی۔ وکلاء نے فاضل چیف جسٹس کو بہاولپور ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے وکلاء اور سائلین کی آسانی کیلئے فاضل چیف جسٹس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور بار ایسوسی ایشنز کی فلاح کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور نے فاضل چیف جسٹس سے درخواست کی کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے لئے نئے جوڈیشل کمپلیکس کا نقشہ منظور ہو چکا ہے، متذکرہ کمپلیکس کی تعمیر کے فنڈز جلد از جلد جاری کئے جائیں۔ وفد نے فاضل چیف جسٹس کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ پر ججز کی تعداد کم ہونے سے زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اس لئے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ پر ججز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ صدر ہائی کورٹ بار نے لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی تعیناتی میں بہاولپور بار سے وکلاء کی نامزدگیوں کی بھی تجویز دی۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عدلیہ اور بار کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے، اور وکلاء فراہمی انصاف کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کام کریں۔ وکلاء اور عدلیہ کو آپس میں لڑانے کی ہر سازش کو عدلیہ اور وکلاء مل کر ناکام بنائیں گے اور بنچ اور بار کو کمزور کرنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ صدر بار نے یقین دلایا کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ای پیپر دی نیشن