شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ(ن) لیگ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا ویژن عوامی خدمت ہے‘ سازشی عناصر نے ہمیشہ نواز لیگ کے خلاف سازشیں کیں۔ مگر وقت نے ثابت کیا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی (ن) لیگ کی مرہون منت ہے۔ عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ملک کے اندر سرمایہ کاری کا فروغ ملکی معیشت کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے‘ اب مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمہ سمیت تمام مسائل کا حل بھی جلد یقینی بنایا جائے گا عوام سے کئے گئے تمام تر وعدوں کی تکمیل (ن) لیگ کی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا مریم نواز شریف کا وزیراعلیٰ پنجاب بننا صوبہ کی عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں وہ صوبہ بھر کی پسماندگی کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔