گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سرکاری سکولوں میں سٹوڈنٹس کونسلز کے الیکشن میں ایک دن باقی، امیدواروں کو انتخابی نشانات آلاٹ کردیئے گئے،کل ہونیوالے انتخابات کیلئے روایتی گہما گہمی شروع ہو گئی، طلبہ نے کامیابی کیلئے انتخابی مہم شروع کردی،بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری سکولوں میں یونین سازی کے ذریعے سٹوڈنٹس کونسلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے الیکشن شیڈول کے مطابق کل الیکشن کا انعقاد ہونا ہے اور صدر،نائب صدر،فنانس سیکریٹری سمیت دیگر عہدوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیئے گئے ہیں لیکن پھر بھی الیکشن میں محض ایک دن باقی رہ جانے کے بعد بھی بعض سکولوں میں الیکشن کی روائتی گہما گہمی شروع نہیں ہو سکی تاہم زیادہ تعداد والے اور بڑے متعدد سکولوں میں طلبہ الیکشن کے لئے بہت پرجوش ہیں اور الیکشن کمپین کے ذریعے امیدوار ساتھی طلبہ سے اپنے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔