راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے پہلا بزنس آئیڈیا فیسٹ کروا کر تاریخ رقم کی، احسن ظفر بختاروی

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی آئیڈیا فیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد نوجوان طلبہ و طالبات میں کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں کاروباری دنیا میں اپنا مقام بنانے کے لیے بااختیار بنانے کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ مقابلے میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی سمیت پاکستان کی کل 20 یونیورسٹیوں کی 183 ٹیموں نے شرکت کی اور اپنے انوویٹو بزنس آئیڈیاز کو پیش کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاروی اور سابق صدر ظفر بختاروی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن ظفر بختاروی نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے پہلا بزنس آئیڈیا فیسٹ کروا کر تاریخ رقم کی ہے۔ آج پاکستان جس معاشی بحران سے گزر رہا ہے خواتین کی سکل ڈویلپمنٹ کے بغیر اس سے نمٹنا مشکل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبات کو چاہئے کے انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تحقیق کریں اور ان وجوہات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں جن کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر اپنی برآمدات کو یقینی بنا سکے۔تقریب سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ظفر بختاروی نے بھی خطاب کیا وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا کہ ہماری فیکلٹی اور ایڈمنسٹریشن اسٹوڈنٹس کی سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دیتی ہے کیونکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں مالی اعتبار سے خود مختار بنانا انتہائی ضروری ہے۔ججز نے بزنس آئیڈیاز کا جدت کی بنیاد پر جائزہ لیا اور غیر جانبدارانہ فیصلہ کیا۔ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات اور ججز ، آرگنائزرز اور فوکل پرسنزکو شیلڈز پیش کی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن