راولپنڈی (جنرل رپورٹر)سرور فانڈیشن کے بانی،سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کے ہمراہ ملاقات کی،اس موقع انہوں نے ملک بھر میں صحت عامہ کے مسائل وباہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں ملک میں پولیو کیسز میں اضافہ کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اور طے پایا کہ سماجی و فلاحی کاموں کو وسعت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اوراس حوالے سے یونیسیف،یوایس اے ایڈ سمیت امریکہ، برطانیہ، کینڈا اور فرانس دیگر بیرونی ممالک میں قائم چیریٹیز اور فلاحی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔انہیں اس بات کی ترغیب دی جائے گی وہ فلاحی و سماجی کاموں کیلئے فنڈز دیں،جنہیں ہم اپنی صوابدید پر خرچ کرسکیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ہم سب کو مل جل کر اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے،ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ملک میں وسائل اور پیسے کی کوئی کمی نہیں، سب نیتوں کی خرابی کا مسئلہ ہے،جب ہم نے اس عزم کے ساتھ ملک وملت کی خدمت کرنے کا اصول اپنا لیا تو یقینا پاکستان دنیا کی ایک عظیم ترقی یافتہ اور خوشحال ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرے گا۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر انحصار کی وجہ سے ہمارا ملک اقتصادی لحاظ سے کمزور ہوتا چلا جا رہا ہے۔لیکن ہمیں اس بات کا احساس نہیں ہو پا رہا۔انہوں نے یقین دلایا کہ ہم ٹیم سپرٹ کے ساتھ فلاح عامہ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے