اسلام آباد(وقائع نگار) چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت گذشتہ روز اسلام آباد ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں وزارت داخلہ، پلاننگ کمیشن، پاک ای پی اے، پی ڈبلیو ڈی، اسلام آباد پولیس، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اور دیگر محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی.تفصیلات کے مطابق اجلاس میں 24 ترقیاتی منصوبے پیش کئے گئے. جن میں لوکل گورنمنٹ کے 17، اسلام آباد پولیس کے 4، محکمہ زراعت کے 2، اور محکمہ لائبریریز کا 1 منصوبہ شامل تھا.چیف کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کوجی آئی ایس پر منتقل کیا جائے. چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ترقیاتی پراجیکٹس درکار ہیں ان میں علاقے کے لوگوں پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں.علاوہ ازیں محکمہ لائبریری کے منصوبے پر چیف کمشنر نے ہدایت کی کہ نئی تعمیر ہونے والے لائبریری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے اور ای لائبریری کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا جائے. انہوں نے مزید کہا کہ تمام منصوبوں کا ماحولیاتی اعتبار سے جائزہ لیا جائے اور تمام منصوبوں میں دو فیصد تک درخت لگانے کا جزو بھی شامل کیا جائے.