تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نااہل حکمران کب تک عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو جیل میں بند رکھیں گے۔لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ سیاسی و معاشی حالات بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں. تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی استحکام پیدا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا۔ عام انتخابات اور ضمنی الیکشن میں عوام نے ن لیگ کو مسترد کیا. فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے. لگتا ہے ن لیگ مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں. ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں.ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسرا فرار چاہتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔