میں نے اسلام آباد میں کیا دیکھا اور کیا سُنا ؟

Nov 15, 2010

ادیب جاودانی
دو روز پیشتر راقم کو اسلام آباد جانے کا اتفاق ہوا۔ اسلام آباد جانے کا مقصد وفاقی وزیر تعلیم سردار آصف علی احمد سے ملاقات کرنا تھا۔ راقم نے وفاقی وزیر تعلیم سے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت غیر وابستہ طور پر نصاب کی تیاری کا کام صوبوں کو سونپ دیا گیا ہے جوکہ وفاقی حکومت کا یہ اقدام قطعی طور پر درست نہیں ہے۔ پاکستانیوں کو اگر ایک قوم بنانا ہے تو وفاقی حکومت کو خود قومی نصاب بنانا چاہیے اور یکساں نظام تعلیم کو صرف اسلام آباد تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کا اطلاق دوسرے صوبوں میں بھی کیا جائے۔ وفاقی وزیر تعلیم سے ملاقات کے بعد راقم نے اسلام آباد کے سیاسی عوامی اور صحافتی حلقوں سے بھی ملاقات کی، سبھی کراچی میں ہونے والے دھماکے سے بہت پریشان تھے۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد وفاقی حکومت مہنگائی کا خونخوار عفریت بے لگام ہو چکا ہے۔ شہر میں اوپن مارکیٹ میں چینی 104 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی جس پر عوام الناس حقیقی معنوں میں چیخ اٹھے ہیں۔ تعمیر پاکستان پارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) فیض علی چشتی سے بات ہوئی ان کا کہنا تھا کہ 2008 کے انتخاب کے بعد تمام نمائندہ جماعتیں حکومت میں آ گئی ہیں لیکن سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی پالیسیاں زیادہ بدترین انداز میں جاری ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی بھی جماعت عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے حکامات اور منصوبوں کی مزاحمت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ امریکہ اور عالمی مالیاتی اداروں کے مقامی نمائندوں کے خلاف عوام کو بیدار اور متحرک کیا جائے۔ تعمیر پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل عزیز احمد اعوان کا کہنا تھا کہ مڈٹرم الیکشن اور سیاسی تبدیلی انتہائی ضروری ہے ورنہ سسٹم نہیں بچ سکے گا۔ اسلام آباد میں نوائے وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر جاوید صدیق روزنامہ اوصاف اسلام آباد کے چیف ایڈیٹر مہتاب خاں، روزنامہ اساس کے ایڈیٹر انچیف شیخ افتخار عادل اور معروف دانشور اشرف رفیقی سے بھی ملاقات ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں کرپشن اور بدعنوانی، میرٹ کی پامالی کے لئے صرف موجودہ دور حکومت میں اس میں خاصا اضافہ ضرور ہوا ہے جہاں تک کرپشن کی موجودگی کا تعلق ہے اس کی موجودگی کا حکومت کو اعتراف کرنا چاہیے جس کے بعد اس لعنت کے خاتمے کے بارے میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ روزنامہ ایکسپریس اسلام آباد کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر تنویر قیصر شاہد کا کہنا تھا کہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں یہ بات بالکل واضح ہے کہ اگر حکومت نے مہنگائی کو روکنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہ کیا اور اپوزیشن نے احتجاجی تحریر شروع کر دی تو عوام بھی اس میں شامل ہو جائیں گے۔ راقم کی وفاقی سیکرٹری اطلاعات منصور سہیل سے بھی ملاقات ہوئی۔ آپ کو صحافتی حلقوں میں بڑی قدر منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگا رہی لیکن الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کو ایسی خبریں دینے سے گریز کرنا چاہیے جس سے ملک و قوم میں مایوسی پھیلتی ہو۔ اس کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی کا بھی معائنہ کیا اس جیل کا بھی سب سے بڑا مسئلہ اوور کراوڈنگ ہے۔ کوکب ندیم وڑائچ آئی جی جیل خانہ جات نے پنجاب بھر کی جیلوں میں خصوصی اقدامات کر رکھے ہیں۔
مزیدخبریں