وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سال میں ٹیکسز کی شرح بڑھا کرجی ڈی پی کے پندرہ فیصد تک لانا چاہتے ہیں، کرپشن پاکستان کا نہیں، تمام ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ہم تمام شعبوں میں اصلاحات لا رہے ہیں، ریفارمڈ جی ایس ٹی کے ذریعے مزید افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کی منظوری سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی اورسیلاب کی تباہ کاریوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، بعض لوگ پاکستان کےخلاف منفی تاثر پیدا کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی امداد کے شکرگزارہیں لیکن ہمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے نو ارب ڈالرز درکارہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اتحادی ہونا مہنگا پڑرہا ہے، دہشت گردی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان نہیں آرہے، دنیا پاکستان کواپنی منڈیوں تک رسائی دے، ہماری معشیت سالانہ آٹھ فیصد ترقی کرسکتی ہے۔ اس موقع پرورلڈ بینک کے نائب صدرازابل گریرو کا کہنا تھا کہ پاکستان کوغربت کے خاتمے کے لئے شرح نموسات فیصد تک لانا ہوگی۔ توانائی کے شعبے میں دی جانے والی سبسڈی تعلیم اورصحت کے بجٹ کے برابرہے۔ برطانوی وزیربرائے بین الاقوامی ترقی اینڈریومچل نے کہا کہ پاکستان کو طویل المدتی فوائد حاصل کرنے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، برطانوی ٹیکس دہندگان اس وقت تک پاکستان کی مدد نہیں کریں گے جب تک پاکستان کے صاحب حیثیت لوگ خود ٹیکس نہیں دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانا ہوں گی۔
اجلاس میں موجود پاکستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے کانگریس سے مسلسل رابطے میں ہیں، امید ہے کہ پاکستان کو کیری لوگربل کے تحت پچاس کروڑڈالرزاسی سال مل جائیں گے۔ اس موقع پرامریکہ اورجاپان نے پاکستان کے لئے پچاس، پچاس کروڑڈالرزجبکہ سعودی عرب نے چالیس کروڑڈالرزامداد کا اعلان کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ٹیکس لگانا کوئی آسان کام نہیں، اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مشکل فیصلے کرنا پڑرہے ہیں، عالمی امداد کے استعمال کا تمام ترطریقہ کارشفاف ہے، تحفظات بھی دورکردیئے، اب بھی اگرکوئی ہماری مدد نہیں کرنا چاہتا توٹرانسپرنسی کی رپورٹ اچھا بہانہ ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ خسارہ ختم کرنے کا کوئی راستہ نہیں، ریفارمڈ جی ایس ٹی کوئی نیا ٹیکس نہیں یہ تو بجٹ تجویز تھی جو منظوربھی ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن