دوحہ (آن لائن) امیر قطر کی اہلیہ شیخہ موزہ بنت نصر نے دنیا بھر میں بچوں کو معیاری بنیادی تعلیم کی فراہمی کے لئے عالمی مُہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد دنیا کے کسی بھی کونے میں بچوں کو بنیادی تعلیم سے روشناس کرانا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 16 ملین بچے بنیادی حق تعلیم سے محروم ہیں۔ اس سلسلے میں شیخہ موزہ کی تنظیم‘ ایجوکیٹ اے چائلڈ (EAC) نے دنیا کی بہترین اور ماہر تنظیموں کے اشتراک سے اُن بچوں کو بہترین اور اعلیٰ معیار کی بنیادی تعلیم کی فراہمی کا بیڑا اُٹھایا ہے جو شدید غربت، قدرتی آفات، مختلف تنازعات اور تعصبات کی وجہ سے یا پھر دیگر وجوہات کی بنا پر اپنے بنیادی حق اور روایتی ذرائع تک رسائی سے قاصر ہیں۔ کانفرنس سے دوسروں کے علاوہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے عالمی تعلیم گورڈن براو¿ں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ تعلیم سے وابستگی کی روشن مثال ملالہ یوسف زئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ کو تعلیم حاصل کرنے کے عزم کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا۔