کابل (نوائے وقت نیوز + اے ایف پی) سیکرٹری جنرل نیٹو راسموسن نے کہا ہے کہ ایساف کے سربراہ جنرل جان ایلن پرمکمل اعتماد ہے، جنرل جان ایلن کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں، قبل ازیں اوباما اور وزیر دفاع پنیٹا بھی اعتماد کا اظہارکر چکے ہیں۔ امریکہ کے کثیر الاشاعت اخبار وال سٹریٹ جرنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ براڈ ویل نے کیلی کے خلاف متعدد ای میلز سینئر جرنیلوں کو بھجوائی تھیں اس ضمن میں ایک ای میل جنرل ایلن کوبھی بھجوائی گئی جس میں براڈویل نے کیلی کو بہکانے والی قرار دیا۔ ادھر امریکی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ پیٹریاس کے سکینڈل کی خبر کو جان بوجھ کرصدارتی انتخابات کے نتائج تک چھپایا گیا، سکینڈل پہلے منظرعام پرآجاتا تو انتخابی نتائج براک اوباما کے حق میں نہ جاتے۔امریکی میڈیانے کہا ہے کہ صدراوباما کی الیکشن میں جیت کے فورا بعد امریکی جرنیلوں کی ذاتی زندگیوں کی خبریں منظر عام پر آنا حیران کن ہے۔ ایف بی آئی کو پیٹریاس، پاﺅلا تعلقات کے بارے میں کافی عرصے سے معلوم تھا اور اس خبرکو جان بوجھ کر پردے میں رکھا گیا۔ اس سلسلے میں ایف بی آئی نے ابھی تک وضاحت نہیں کی کہ کیوں پیٹریاس جیسے اہم عہدیدار سے جڑی حساس خبر کو خفیہ رکھا گیا۔
ایلن پر اعتماد ہے : راسموسین ‘ پیٹریاس سکینڈل اوباما کو شکست سے بچانے کیلئے چھپایا گیا
Nov 15, 2012