وہاڑی (نامہ نگار) نائب وزیراعظم پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور اقتدار میں عوامی فلاح و بہبود کے ریکارڈ کام کئے ہیں لیکن موجودہ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، قوم کا پیسہ تنور، آشیانہ، دانش سکول سکیم اور لیپ ٹاپ جیسی ناکام سکیموں پر لگایا جا رہا ہے صرف جنگلہ بس سروس پر 72 ارب روپیہ لگایا جا رہا ہے جو کہ صرف لاہور کے لئے ہے جبکہ ہم نے بلاامتیاز پورے صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ وہاڑی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور حکومت کا دوسرے صوبوں سے موازنہ کرتے ہیں موازنہ کرنا ہے تو ہمارے 5 سالہ دور حکومت سے کیا جائے اگر ان کے منصوبے بڑھ گئے تو ہم سیاست چھوڑ دیں گے۔ 22، 22 وزارتیں جیب میں ڈالنے سے تعلیم عام نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سوائے بدلہ لینے کے انہیں کچھ نہیں آتا۔ کسانوں اور جنوبی پنجاب کا نام لینے سے ان کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں لیکن ہماری ترجیح جنوبی پنجاب اور کسان ہیں۔ صوبائی حکومت نے پنجاب کو کنگال کر دیا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو شکست دی جائے کہ یہ لوگ عوام کا استحصال نہ کر سکیں۔ الیکشن کے بعد ان کا پٹرول ختم ہونے والا ہے۔ ملتان کا ڈینٹل ہسپتال اس لئے چالو نہیں کیا جا رہا کہ اس پر میرے نام کی تختی لگی ہوئی ہے۔ قبل ازیں امیدوار قومی اسمبلی طاہر اقبال چودھری نے کہا کہ عوام نے مجھے دوسری مرتبہ ایم پی اے منتخب کیا اب میں ایم این اے بن کر عوام کی محبتوں کا قرض چکاو¿ گا، چودھری پرویز الٰہی نے اصولوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے اس لئے انہیں ہم نے اپنا لیڈر چن لیا ہے۔