بھارت میں انتخابات ہونیوالے ہیں‘ پاکستان کیساتھ مذاکرات میں کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہو گی : میرواعظ عمر فاروق

بھارت میں انتخابات ہونیوالے ہیں‘ پاکستان کیساتھ مذاکرات میں کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہو گی : میرواعظ عمر فاروق

سرینگر (ثناءنیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بھارت کی تمام جماعتیں صورت حال کو جوں کا توں رکھنا چاہتی ہیں۔ بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں ہمیں نہیں لگتا پاکستان بھارت مذاکرات کے دوران کوئی بڑی پیش رفت ہو گی۔ مسئلہ کشمیر کو صرف پاکستان کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے لوگوں کے اپنے جذبات اور احساسات ہیں اب اس کو کسی حد تک سمجھا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ بھارت میں کانگرس ہو یا بی جے پی تمام جماعتیں کشمیر کے حوالہ سے سٹیٹس کو کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں اور یہ صورتحال کو جون کا توں رکھنا چاہتے ہیں۔ تجارت اور سی بی ایمز کی بات ہوتی لیکن اصل مسئلہ پر فوکس بہت کم ہے اب بھارت الیکشن کے مرحلہ میں داخل ہو رہا ہے ہمیں نہیں لگتا کہ کوئی بہت زبردست پیش رفت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اندر بھی میڈیا، اکیڈمک اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سطح پر یہ احساس روز بروز بڑھتا جا رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو صرف پاکستان کے حالات کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے۔ 2008، 2009، 2010 اور 2011 میں جو حالات کشمیر میں رہے اس میں بہت حد تک بھارتی عوام تک یہ پیغام پہنچا دیا کہ جس پیرائے میں آپ کو کشمیر دکھایا جا رہا تھا اور جو چشمہ لگا کر کشمیر کی تصویر دکھائی جا رہی تھی کہ پاکستان سب کچھ کر رہا ہے اور یہ پاکستان کی پیداوار ہے یہ حقیقت نہیں ہے کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے لوگوں کے اپنے جذبات اور احساسات ہیں۔
عمر فاروق

ای پیپر دی نیشن