دبئی (آئی این پی)پاکستان اور جنوبی فریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا دوسرامیچ آج دبئی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہوگا۔جنوبی افریقہ کو سیریز میں 1-0سے برتری حاصل ہے ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز 1-1سے برابر ہوگئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز میں 4-1سے کامیابی حاصل کی ۔پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بیٹنگ فلاپ ہونے سے ٹیم کو پے درپے شکست کا سامنا ہے ، بلے بازوں کواپنی ذمے داری محسوس کرنی چاہیے۔ دبئی میں میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پہلے ٹی ٹونٹی میں جنوبی افریقہ کے بولروں نے پلان کے مطابق گیندیں کیں جس کے سبب ان کی ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ بیٹنگ لائن مسلسل فلاپ ہو رہی ہے۔ بلے بازوں کو اپنی ذمے داری محسوس کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہآج میچ میں جیت کے ساتھ سیریز برابر کردیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی ٹیم زبردست انداز میں پرفارم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آفریدی نئی بال کے سامنے نمبر تین پر بھیجنے پر حیران تھے۔ ڈوپلیسی نے کہا کہ ڈیل سٹین اورڈی کاک نے شاندار کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کے خلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، دوسرا ٹی ٹونٹی بھی جیت کر سیریز اپنے نام کریں گے۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، میچ کو آسان نہیں لیں گے۔
پاکستان‘ جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائیگا‘ بلے باز ذمہ داری محسوس کریں: حفیظ‘ سیریز جیتیں گے: ڈوپلیسی
Nov 15, 2013