لاہور + اسلام آباد + پشاور + کوئٹہ (نوائے وقت نیوز + نامہ نگار + بیورو رپورٹ) لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں 9 محرم الحرام کو سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت رہے۔ ملک بھر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز چوکس رہیں۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور اور مظفرگڑھ سمیت مختلف شہروں میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنا دئیے گئے۔ کوٹ ادو میں 9 محرم الحرام کے جلوس کے راستے میں 10 کلو وزنی بم برآمد ہوا جسے بروقت اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار شدت پسند نے ماتمی جلوس میں گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں، اسے پکڑنے کی کوشش میں تین عزادار زخمی ہو گئے۔ موٹر سائیکل سوار حفاظتی بیریئر سے ٹکرا کر زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔ ڈی ایس پی چودھری محمود الحسن گجر نے صحافیوں کو بتایا کہ فرار ہونے والا شدت پسند نہیں تھا بلکہ وہ پولیس کو دیکھ کر ڈر کر بھاگا تھا۔ شاہدرہ میں امامیہ کالونی سے مبینہ طور پر پانچ شدت پسند گرفتار کر کے ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق محرم الحرام میں بڑی دہشت گردی کے مصنوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ شدت پسندوں کی گرفتاری اور لاہور میں دہشت گردی کے بڑے منصوبے کی ناکامی کی خبر کے بعد محرم الحرام کے سلسلے میں تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق امامیہ کالونی مں گرفتار افراد کی عمریں 19 سے 30 سال ہیں اور ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے عملے نے محرم الحرام کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پاکستان افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود، بارودی سرنگیں، بم دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، فرنٹیئر کور کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن جس میں اے پی ایم 2400، اے ٹی ایم ایس 2، آئی ڈی ڈیوائس 516، آئی ڈی ریموٹ 172، چائنہ فیوز 1200، الیکٹرک ڈیوائس 148، ٹائمر 24، آرڈی ایکس سٹک 5، فل سوئچ 12، ڈیٹونیٹر 250، وائر رول 61، ایکس پل بریک 18، خود کش جیکٹ 1، آئی ای ڈیز 6، 9 بنڈل پرائما کارڈ، 2600 ایکس پل سٹک برآمد کر لی، ملزموں کے خلاف مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایف سی کمانڈنٹ کرنل مقبول شاہ نے بتایا کہ محرم کے دوران 2500 ایف سی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ہزارہ کمیونٹی کے علاقہ کو گھیرے میں لیا گیا ہے چمن اور بلیلی چیک پوسٹ سے بھاری مقدار میں پکڑا گیا اسلحہ اور گولہ بارود میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ پکڑے گئے اسلحہ میں اینٹی ٹینک مائنز، طیارہ شکن بندوقیں، سینکڑوں کی تعداد میں دستی بم، ڈیٹونیٹرز اور دیگر گولہ بارود شامل ہے۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کا بہت بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے دو ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اسلام آباد میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مبینہ خودکش حملہ آور کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کر لیا۔ حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے اسلام آباد کے علاقے ترنول میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ افغان انٹیلی جنس کے سابق اہلکار سمیت خودکش حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 25 سالہ خودکش بمبار مطیع اللہ اور ماسٹر مائنڈ عبداللہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد کیا۔ ذرائع کے مطابق عبداللہ کا تعلق افغانستان سے ہے۔ وہ افغان انٹیلی جنس کا سابق اہلکار ہے، اسے نکال کر بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں جعلی ویزوں کا کام کرتا ہے، وہ خودکش بمبار مطیع اللہ کو میرانشاہ سے لایا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم مطیع اللہ نے انکشاف کیا کہ اس نے اسلام آباد کے علاقے جی سکس کی ایک امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے جلوس پر حملہ کرنا تھا۔ جلوس پر حملے کے خدشے کی خفیہ رپورٹس کے پیش نظر پولیس کی جانب سے جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پشاور میں رنگ روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کنارے 20 کلو گرام وزنی بم نصب کر دیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کو شہریوں نے بروقت اطلاع دی۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بم ناکارہ بنا دیا۔ بنوں میں ضلع بھر میں 5 بجے شام سے آج پھر دسویں محرم الحرام کی شام 5 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او بنوں کے مطابق کرفیو کا فیصلہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا تاہم جلوس اور مجالس کی اجازت ہو گی۔ چمن میں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی اور 2 شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا، ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد خودکش جیکٹس اور تیار بم برآمد ہوئے۔ حساس اداروں کی اطلاع پر ایف سی اہلکاروں نے چمن میں پاک افغان سرحدی علاقہ میں بہت بڑا ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور یہاں سے دو افراد کو گرفتار کیا۔ کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے 9ویں محرم کو دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق غازی نعیم کے مرکز سے 55 آئی ای ڈی، 2 آر پی جی، 5 مارٹر شیل برآمد کئے گئے جبکہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے جین مندر کے علاقہ خیمہ سادات سے مشکوک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مشکوک شخص شناختی کارڈ یا پھر کوئی شناختی دستاویز پیش نہ کر سکا، اس سے تفتیش جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق غیر ریاستی باشندوں کے خلاف مظفرآباد میں گرینڈ آپریشن کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 30 سے زیادہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ہنگو میں 11 محرم تک کرفیو رہے گا جب کہ ٹانک میں بھی آج کرفیو نافذ رہے گا۔ کراچی (کرائم رپورٹر + آن لائن + ثناء نیوز + نیٹ نیوز) کراچی میں سی آئی ڈی پولیس اور کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کے درمیان مقابلے کے دوران جسٹس مقبول باقر پر حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 6 شدت پسند مارے گئے جبکہ 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے، یوم عاشور پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ شدت پسندوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، موٹر سائیکل اور اسلحے سے بھری ہوئی گاڑی برآمد کر لی گئی۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے ماڑی پور کے علاقے لکی پہاڑی کے قریب چھاپہ مارا، دوطرفہ فائرنگ کے دوران کالعدم تنظیم کے 6 شدت پسند مارے گئے جن کی نعشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ مقابلے کے دوران 3 سی آئی ڈی پولیس اہلکار یاسر، فیضان اور علی فیصل زخمی ہو گئے۔ چودھری اسلم کے مطابق ملزموں کا گروہ محرم الحرام میں دہشت گردی کرنا چاہتا تھا۔ مقابلے کے بعد ملزموں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، 2 موٹر سائیکلیں اور اسلحے سے بھری ہوئی گاڑی برآمد کر لی گئی، گاڑی سے دستی بم، مختلف اقسام کے ہتھیار، ڈیٹونیٹر اور ریموٹ کنٹرول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں مارے جانے والے شدت پسندوں کے عزائم کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملزم حسینیان ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر پہلے فائرنگ اور پھر خودکش حملہ کرنا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق گل حسن ایک کالعدم تنظیم کراچی کا امیر تھا اور پہلے بھی گرفتار ہو چکا تھا۔ اطلاعات کے مطابق گل حسن، جسٹس مقبول باقر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور امام بارگاہ علی رضا میں دھماکے سمیت 50 سے زائد فرقہ وارانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق گل حسن حیدری مسجد پر فائرنگ، علی رضا امام بارگاہ پر خودکش حملے، سپارکو کی بسوں پر حملوں میں ملوث تھا اور پہلے بھی گرفتار ہو چکا تھا، چودھری اسلم کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے خودکش حملہ آور تھے جن کے نام عارف عرف صلاح الدین اور نوید عرف چھوٹا ہیں، مرنے والے تین مزید افراد کی شناخت خالد شاہ، مقبول احمد اور غلام قادر کے نام سے ہوئی ہے۔ سی آئی ڈی پولیس کے انسداد انتہا پسندی سیل کے انچارج چودھری اسلم خان کے مطابق مارے جانے والوں میں کالعدم تنظیم کراچی کے امیر گل حسن اور ایریا کمانڈر قاری خلیل شامل ہیں۔ خفیہ اطلاع پر جب پولیس نے بلدیہ کے علاقے میں لکی چڑھائی کے قریب ملزموں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی اور پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تین پولیس اہلکار فیضان‘ یاسر اور علی فیصل زخمی ہوئے، چودھری اسلم خان کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں رائفلوں اور پستولوں کے علاوہ دستی بم اور ڈیٹونیٹر وغیرہ بھی شامل ہیں۔ ملزم قاری خلیل کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مئی 2013ء کے انتخابات کے دوران سائٹ میں اے این پی کے دفتر اور نارتھ ناظم آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن آفس پر بم دھماکہ کا ماسٹر مائند تھا، دیگر ملزم بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں فرقہ وارانہ قتل کی وارداتوں اور جسٹس مقبول باقر پر حملے میں ملوث تھے۔ کراچی سے کرائم رپورٹر کے مطابق کراچی میں رواں سال بم ڈسپوزل سکواڈ کو محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے پہلی مرتبہ دو نئے جدید آلات فیڈو مشین اور جینسن ٹول کٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔ فیڈو مشین تین بیٹریز پر چلنے والا ایسا آلہ ہے جو دھماکہ خیز مواد کو باآسانی ڈیٹکٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ جینسن ٹول کٹ بم ڈیٹیکٹ ہونے کے بعد اپنا کام شروع کرتی ہے اور اس کی مدد سے کسی بھی قسم کے دھماکہ خیز مواد یا تین سے چار کلو وزنی بم کو باآسانی محفوظ مقام تک منتقل کیا جا سکتا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے پاس موجود دیگر آلات میں مائن ڈیٹیکٹر، پریڈر، میٹل ڈیٹیکٹراور بم کا ناکارہ بنانے کے دوران پہنا جانے والا حفاظتی ای او ڈی سوٹ شامل ہے۔ محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی سکیورٹی میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے بم ڈسپوزل سکواڈ کی رواں سال شہر کے تین زونز میں بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
9 محرم الحرام پر دہشت گردی کے منصوبے ناکام ۔ سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت
Nov 15, 2013