لاہور + گوجرانوالہ (رپورٹنگ ٹیم + خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں گذشتہ روز موبائل فون سروس بند کر دی گئی۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق حکومت کی طرف سے دن بارہ بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان سامنے آیا تاہم عملاً صبح سویرے ہی سے سروس بند کر دی گئی۔ پنجاب کے جن شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کی اطلاع ملی ان میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر، رحیم یار خان و دیگر شامل ہیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق 9 محرم الحرام کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی سے بچنے کے لئے وفاقی حکومت نے صوبوں کی درخواست پر ملک کے مختلف شہروں میں موبائل سروس بند رکھی۔ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور کرم ایجنسی میں بھی موبائل فون سروس مکمل طور پر بند رہی جبکہ بنوں، اسلام آباد، پشاور، ہری پور اور ایبٹ آباد میں سروس جزوی طور پر معطل ہونے کے باعث جلوسوں کے راستے پر سگنلز بند رہے۔ جن علاقوں میں موبائل سروس مکمل بند کی گئی وہاں پی ٹی سی ایل وائرلیس سسٹم بھی بند رہا۔ نویں محرم الحرام کو 80 سے زائد شہروں میں موبائل سروس بند رکھی گئی۔ این این آئی کے مطابق نو محرم الحرام کے جلوس کی سکیورٹی کے پیش نظر گذشتہ روز سہ پہر کے بعد میٹرو بس سروس کو معطل کر دیا گیا اور آج دس محرم الحرام کو مکمل بند رہے گی۔ بتایا گیا ہے کہ میٹرو بس سروس صبح سے سہ پہر تک آپریشنل رہی۔ نامہ نگار کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس نے نویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری، کالے شیشوں والی گاڑیوں، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل و گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کرا دیا۔ بتایا جاتا ہے سی ٹی او سہیل چودھری کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس نے ٹائون شپ، اسلام پورہ، چوبرجی، سمن آباد، گرین ٹائون، مال روڈ، گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ، ڈیفنس، شاہدرہ، راوی روڈ و دیگر علاقوں میں آپریشن کیا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ موبائل فون سروس بھی آج بند رہے گی جبکہ چاروں صوبوں میں بھی ڈبل سواری پر آج پابندی رہے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کرنے کی منظوری دے دی۔ موبائل فون سروس آج صبح 6 سے شام 6 بجے تک بند رہے گی۔ گذشتہ روز شام 6 بجے ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس بحال ہونا شروع ہو گئی۔ میڈیا کے مطابق رحیم یار خان، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں موبائل سروس کئی گھنٹے بند رکھنے کے بعد شام 6 بجے بحال ہوئی جبکہ دوسرے شہروں میں رات گئے تک موبائل فون سروس بند رہی تاہم لاہور میں موبائل فون سروس بحال نہ ہو سکی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں بھی موبائل فون سروس بند رہی۔ موٹر سائیکل ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے دوران 90 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے موبائل سروس آج جمعہ بھی صبح دس بجے سے رات 8 بجے تک بند رہے گی۔ موبائل فون سروس 13 حساس اضلاع جن میں بھکر، چکوال، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، مظفر گڑھ، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ساہیوال، رحیم یار خان اور پاکپتن شامل ہیں، میں بند کر دی گئی ہے۔ این این آئی کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ کے اعلان کے مطابق لاہور میں شام چھ بجے موبائل سروس بحال نہ ہو سکی۔ انہوں نے نثار حویلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا نو محرم الحرام کو موبائل سروس شام چھ بجے بحال ہو جائے گی تاہم گذشتہ روز وزیر قانون کے اعلان کے مطابق سروس شام چھ بجے بحال نہ ہو سکی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں بھی نویں محرم کے روز موبائل فون سروس معطل رہی جبکہ گوجرانوالہ‘ نارووال‘ سیالکوٹ‘ گجرات‘ حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین کے اضلاع کا ملک بھر سے موبائل کے ذریعہ ہونے والا رابطہ دن بھر منقطع رہا۔ کہیں کہیں انٹرنیٹ سسٹم کی سہولت بھی مؤخر رہی۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میںلوگوںکو انٹرنیٹ یا پی ٹی سی ایل کے ذریعہ رابطوں پر انحصار کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں ڈبل سواری پر گرفتار ہونے والوں کی تعداد 2 سو سے زائد ہو گئی۔ ادھر ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق محرم الحرام کے سلسلہ میں موبائل نیٹ ورک سروس معطل رہی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق کراچی میں موبائل فون سروس رات ساڑھے نو بجے کے بعد کھل گئی۔ کراچی اور اندرون سندھ موبائل فون سروس جمعرات کی صبح 7 بجے کے بعد بند کر دی گئی تھی اور 14 گھنٹے کے بعد کھولی گئی۔ حکومت سندھ کے ذرائع نے بتایا ہے موبائل فون سروس دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر بند کی گئی تھی۔