کولمبو (آن لائن) وزیراعظم نواز شریف اور سری لنکن صدر مہندا راجا پاکسے کی ملاقات میں تجارت، دوطرفہ تعاون، علاقائی امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف جمعرات کو دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئے، جنہوں نے وہاں سری لنکا کے صدر سے ملاقات کی، اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، دوطرفہ تعاون، علاقائی امور، افغانستان اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، نواز شریف نے سری لنکا کے عوام اور حکومت کو دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد بھی دی۔ قبل ازیں کولمبو آمد پر نواز شریف نے دنیا میں امن کے فروغ اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ عالمی برادری کے ایک جمہوری اور ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پاکستان پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی اور غربت کے خاتمے کے ذریعے دولت مشترکہ کے امور میں مدد د ے رہا ہے۔ نوازشریف نے سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے کی قیادت پر اعتماد ظاہرکیا ' انہوں نے کہا کہ اْنکی قیادت میں دولت مشترکہ اورزیادہ مضبوط اور متحرک تنظیم بن جائے گی۔ علاوہ ازیں سربراہ کانفرنس کی ضمنی مصروفیات میں وزیراعظم دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے سری لنکا ' آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے وزرائے اعظم اور دیگر راہنمائوںسے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس سے پہلے وزیراعظم کی آمد پرسری لنکا کی پارلیمنٹ کے قائد ایوان نمل سری پالاڈی سلوا نے جو حکمران فریڈم پارٹی کے سربراہ بھی ہیں ' بندرانائیکے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ طارق فاطمی وزیر مملکت انوشہ رحمان اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اس دورے میں وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔
نواز شریف کی سری لنکن صدر سے ملاقات ۔۔۔ دوطرفہ تعاون، علاقائی امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
Nov 15, 2013