نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کشمیری رہنمائوں سے ملنا کوئی نئی بات نہیں۔ بھارت کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا نفاذ چاہتے ہیں۔ سیزفائر سے متعلق 2003ء کے معاہدے پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔کنٹرول لائن پر سیز فائر رکھنا بہت اہم ہے۔ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر بات ہوئی۔ پاکستان بھارت ڈی جی ایم اوز ہر منگل کو فون پر بات کرتے ہیں، امید ہے آئندہ منگل کو ڈی جی ایم اوز کے مابین ملاقات کی تاریخ طے ہو جائے گی۔ پاکستان کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرانا چاہتا ہے۔کنٹرول لائن پر فائرنگ کی وجہ سے پاکستان بھارت تعلقات متاثر ہوئے بغیر تحقیقات کی گئی تو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔