لاہور (آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ ہمارے وزیراعظم بیرونی دوروں سے قبل خفیہ اداروں سے بریفنگ لے کر جاتے ہیں، خفیہ اداروں کے توسط سے مصنوعی قیادت کو سامنے لا کر بلوچستان میں اصل حقائق کو مٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پرویز مشرف کے سر کی قیمت ایک ارب سے بڑھا کر دو ارب کر دی ہے، شاہ زین بگٹی کا جمہوری وطن پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ ٹیلی فونک انٹرویو میں طلال اکبر بگٹی نے کہا بلوچستان میں مصنوعی قیادت کو سامنے لا کر اصل آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے بلوچ عوام کے احساس محرومی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور مسائل بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ بلوچستان میں آج بھی درجنوں لوگ لاپتہ ہیں اور 2 سو سے زائد نجی جیلوں میں بے گناہ قید ہیں لیکن وہاں کسی کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مشرف قومی مجرم ہیں ان کی رہائی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیراعظم نوازشریف سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لیکن ابھی تک بلوچستان کے مسائل کے حل کے حوالے سے کوئی خاص پیش رفت نہیں آ رہی۔