گوجرانوالہ (نمائندہ خصو صی) مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے زیراہتمام یوتھ ونگ کے دو دھڑوں نے ’’رو عمران رو‘‘ اور’’نواز شریف زندہ باد‘‘ الگ الگ ریلیاں نکالیں جن میں نوجوان کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تفصیل کے مطابق ٹرسٹ پلازہ یوتھ ونگ سیکرٹریٹ سے یوتھ ونگ کے ایک دھڑے سٹی صدر یوتھ ونگ ولید بٹ کی قیادت میں ’’رو عمران رو‘‘ موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں نوجوان کارکنوں نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔ ریلی میں شریک کارکنوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے عمران خان کے خلاف اور نواز شریف کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی۔ ریلی گوندلانوالہ اڈہ، شیرانوالہ باغ سے ہوتی ہوئی واپس ٹرسٹ پلازہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جبکہ دوسری طرف عامر اکرام بٹ کی قیادت میں بھی ماڈل ٹائون پارک سے نواز شریف زندہ باد ریلی نکالی گئی جو گوندلانوالہ اڈہ سے شیرانوالہ باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت ملکی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔ گوجرانوالہ کل بھی مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ تھا اور آج بھی یہ نواز شریف کے حامیوں کا گڑھ ہے، یوتھ ونگ کے نوجوان اپنے قائدین کیخلاف کسی کو بھی غیر مہذب زبان استعمال کر نے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے متوالوں میں جاری کشیدگی سے 23 نومبر کو ہونیوالے آزادی جلسے کے روز کسی بڑے تصادم کا خدشہ ہے، سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کیخلاف جوابی حملوں کے بعد کارکن سڑکوں پر بھی طاقت کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں، 23 نو مبر کو بھرپور جواب دینے کیلئے دونوں پارٹیوں نے کارکنوں کی لٹھ، پتھر بردار ٹولیاں تشکیل دینا شروع کر دیں۔ خفیہ اداروں نے بھی خدشات کا اظہار کر دیا۔ گذشتہ روز پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چودھری کی قیادت میں نکالی جانیوالی ریلی میں مسلح افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جبکہ پی ٹی آئی کے پرجوش کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلمان خالد پومی بٹ کے ڈیرے کے باہر شدید نعرے بازی اور تلخ کلامی کی تھی جس کے باعث لیگی کارکنوں میں بھی شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ نے بھی جوابی ریلیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔