چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آسان نہیں، کامیابی کیلئے محنت کرنا ہو گی : سابق اولمپئنز

Nov 15, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپئنز نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آسان نہیں، بعض سینئر کھلاڑی کی عدم موجودگی میں پاکستان ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو کم از کم پہلی چار ٹیموں میں لازمی جگہ بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اجمل خان لودھی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ آسان نہیں ہے اس میں کامیابی کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ بھارتی ٹیم حریف ٹیموں کے لئے چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ سابق کپتان ایم عثمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے کھلاڑیوں کو جیت کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ سابق اولمپیئن دانش کلیم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں زیادہ تر وہی کھلاڑی ہیں جو تین چار سال سے مسلسل قومی ٹیم کے ساتھ انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں ایسے میں تمام ذمہ داری ٹیم مینجمنٹ پر عائد ہوگی ک ہ وہ ان کھلاڑیوں سے کس طرح کام لیتی ہے۔ بھارت میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ فور میں آنا چاہیے اگر اس سے نیچے گئے تو مستقبل میں مشکل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کو مکمل سہولیات مہیا کر رہی ہے ایسے میں رزلٹ دینا ان کا کام ہے۔ راشد محمود اور رضوان ابھی یورپ میں لیگ ہاکی کھیل رہے ہیں ان کے آنے سے ٹیم مزید مضبوط ہو جائے گی۔ ایشین گیمز کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی قومی ٹیم سے چیمپئنز ٹرافی میں بھی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔

مزیدخبریں