نابلوس‘ بیروت (اے ایف پی/ اے این این) اسرائیلی فوج نے 4 فلسطینیوں کو حملہ آور قرار دیکر ان کے گھروں کو مسمار کر دیا۔ اسرائیلی کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب ایک روز قبل مغربی کنارے کے نزدیک ہیبرون میں 2 اسرائیلیوں کو گھات لگا کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا جبکہ مذکورہ فلسطینیوں کو ایک ماہ قبل قتل ہونے والے آبادگار جوڑے پر حملہ کرکے ملزم قرار دیکر ان کے گھروں کو تباہ کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے 3 فلسطینی شہریوں کریم رازق‘ سمیر کھوسا اور اور ہیجیاحج حامد کو حملہ آور قرار دیا گیا تھا۔ 3 گھر مغربی کنارے‘ ایک رملہ کے شمال مشرقی علاقے میں گرایا گیا۔ امدادی ادارے ہلال احمر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف مقامات پر جاری مظاہروں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 34 فلسطینی زخمی ہوئے‘ 39 مظاہرین کو دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا اور 131 شہری آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں لائے گئے۔ ”حماس“ نے لبنان کے بعض ذرائع ابلاغ کی جانب سے بیروت میں دھماکوں میں فلسطینیوں کو موردالزام ٹھہرانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بیروت میں ہونے والی دہشت گردی کا فلسطینیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فلسطینی شہریوں کے خلاف منفی اور شر انگیز مہم بند کی جائے۔
گھر مسمار
اسرائیلی فوج نے حملہ آور قرار دیکر چار فلسطینیوں کے گھر مسمار کر دیئے
Nov 15, 2015