گوجرانوالہ: بھائی سے جھگڑے پر محنت کش نے خود کو پٹرول چھڑک کرآگ لگالی

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) جائیداد کے تنازعہ پر جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے خود کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جبکہ محنت کش کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا، گارڈن ٹائون کھیالی چالیس فٹ بازار کے امتیاز کا اپنے بھائی ارشاد کے ساتھ جائیداد کے تنازعہ پر جھگڑا ہو گیا جس پر دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے زندگی کا خاتمہ کرنے کیلئے خود کو پٹرول چھڑ ک کر آگ لگا لی، جسم بری طرح جھلس جانے پر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد جسم کا اسی فیصد حصہ متا ثر ہو جانے پر تشویشناک حالت میںلاہور ریفر کردیا جبکہ ہسپتال میں متاثرہ شخص کی بیوی مدیحہ نے میڈیا کو الزام لگاتے بتایا امتیاز کا اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ کچھ عرصہ سے جائیداد کے تنازعہ چل رہا تھا اسی تنازعہ پر انکا آپس میں تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہو گیا اس دوران امتیاز کو اس کے والد اور بھائیوں نے پٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے، دوسری طرف تھانہ صدر کے تفتیشی افسر سرور نے رابطہ کرنے پر بتایا امتیاز نے بیان دیا ہے کہ اسکا اپنے بھائی ارشاد کے ساتھ جائیداد کے تنازعہ پر معمولی جھگڑا ہوا تھا اس نے خود آگ لگائی اور یہ الزام غلط ہے اس کے باپ اور بھائیوں نے اسے آگ لگائی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن