پشاور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں فوج کی فضائی کارروائی میں کم از کم 26 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق اس کارروائی میں شدت پسندوں کے چھ ٹھکانے بھی تباہ ہوئے تاہم اس فضائی کارروائی کے بارے میں سرکاری طور پر مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں کارروائی کی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ رائٹرز کے مطابق مقیم دیہاتی بسم اللہ نے بتایا اس نے 30 کے قریب زخمی اور نعشیں دیکھی ہیں۔
شوال :جیٹ طیاروں سے بمباری 26 دہشت گردہلاک 6ٹھکا نے تباہ
Nov 15, 2015